ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار بحری اڈے میں جلد شروع ہوگی ملازمین کی بھرتی؛ مقامی لوگوں کو ملازمتیں حاصل کرنے کا بہترین موقع؛ کاروار میں ہوں گے امتحانات

کاروار بحری اڈے میں جلد شروع ہوگی ملازمین کی بھرتی؛ مقامی لوگوں کو ملازمتیں حاصل کرنے کا بہترین موقع؛ کاروار میں ہوں گے امتحانات

Fri, 26 Jul 2019 21:00:17    S.O. News Service

کاروار 26/جولائی (ایس او نیوز) کاروار میں واقع سی برڈ بحری اڈے پر دوسرے مرحلے کا توسیعی منصوبہ شروع ہونے والا ہے جس کے ساتھ ہی تقریباً پانچ ہزار افراد کو ملازمتیں فراہم کرتے ہوئے اُن کی   بھرتی کی جائے گی۔

 20ویں ’کارگل وجئے دیوس‘کے موقع پر اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی برڈ کے فلیگ آفیسر ریئر ایڈمرل مہیش سنگھ نے بتایا کہ سی برڈ کے سابقہ توسیعی مرحلے میں اسامیوں کی بھرتی کے لئے تحریری امتحانات ممبئی میں منعقد کیے گئے تھے۔اس مرتبہ مقامی افراد کو ملازمتوں اور کاروبار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی نیت سے یہ امتحانات کاروارشہر ہی میں منعقد کرنے کی تجویز مرکز ی دفترکو بھیجی گئی تھی، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔ اب تحریری اجازت ملتے ہی ’کلاس V‘ کی ملازمتوں کے لئے بھرتی کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔مختلف شعبوں میں نوکروں اور کاروباریوں کے تعیناتی کے بعد اس سے متعلقہ سرگرمیوں کے لئے مزید اسامیوں کی ضرورت پڑسکتی ہے اور ملازمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

 پریس کانفرنس کے دوران جب نیوی کے افسران اور عملے کی جانب سے مقامی افراد کے ساتھ بدسلوکی اور ہراسانی کے واقعات سامنے آنے کے تعلق سے  پوچھا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ نیوی کا یونیفارم پہننے والے کسی بھی شخص نے اگر اس قسم کی حرکت کی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ الزامات ثابت ہونے پر کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

 بحری اڈے کے احاطے میں بار بار غیر قانونی طور پر لوگوں کے داخل ہونے کے بارے میں سوال کرنے پر مہیش سنگھ نے کہا کہ یہ بحری اڈہ بہت بڑے اور وسیع علاقے پر محیط ہے۔ اس کے اطراف بنے ہوئے کمپاؤنڈ کو پھلانگنے کی وارداتیں کبھی کبھار ہوجاتی ہیں۔ مگر اکثر اوقات لوگ لاعلمی میں کمپاؤنڈ کے اندر گھسنے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن ایسی کوششوں کا پتہ فوری طور پر لگایا جاتا ہے۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اب نیول بیس کے دوسرے مرحلے کی توسیع کے بعداس پر مکمل طور پر قابو پانا ممکن ہوجائے گا۔

 اس موقع پر نیول یارڈ کے سپرنٹنڈنٹ ریئر ایڈمرل اے پی کلکرنی، توسیع منصوبے کے ڈپٹی چیف ڈائریکٹر ایم کرن کمار ریڈی، عملے کے چیف آفیسر کیپٹن کے، پی سری سن، پبلک ریلیشن آفیسر کیپٹن اجئے کپور وغیرہ موجود تھے۔
 


Share: